لاہور(نیوزڈیسک)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ملک بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلہ کے لیے امتحان کا انعقاد ہوا ،ایم ڈی کیٹ کا امتحان 30شہروں اور 2بین الاقوامی مراکز میں منعقد ہوا۔ شفافیت کو بر قرار رکھنے کیلئے امتحانی عمل کے دوران دفعہ 144نافذ رہا جبکہ پنجاب میں امتحانی مراکز کی 500میٹر کی حدود میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل رکھی گئیں۔
پنجاب میں ایم ڈی کیٹ کا 12شہروں میں قائم کردہ 26مراکز میں امتحان لیا گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ایم ڈی کیٹ امتحان کے لیے 82 ہزار 500 طلبہ ، سندھ میں 38 ہزار 678 ،خیبر پختوانخواہ میں 42 ہزار 329 ، بلوچستان میں 5 ہزار 806، اسلام آباد میں 18 ہزار 408، آزاد کشمیر میں 3 ہزار145، گلگت بلتستان میں 739 جبکہ ایم ڈی کیٹ امتحان میں 259 بین الاقوامی طلبہ نے بھی رجسٹریشن کرائی ۔
دوسری جانب کئی شہروں میں منتظمین کی جانب سے طلبہ کے ہمراہ آنے والوں کے بیٹھنے اور پینے کے پانی کی فراہمی تک کے انتظامات نہ کئے گئے ۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ایم ڈی کیٹ کے امیدواروں کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیارے بچو میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں، محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی، آپ انشااللہ کامیاب ہوں گے۔
مریم نواز نے پنجاب بھر میں امتحانی مراکز میں بہترین انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور امتحانی مراکز کی سکیورٹی کی کڑی نگرانی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے امیدواروں کو دوران امتحان کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔